کراچی (نیوز رپورٹر ) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کراچی میں تیسری مرتبہ بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلا مکمل ہونے کے بعد دوسرے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات پہلے 24جولائی،بعدازاں 28اگست اور اب 23اکتوبر کے دن ہونے والے الیکشن ملتوی کرکے الیکشن کمیشن نے اپنی نااہلی اور حکمرانوں کے ساتھ ملی بھگت کا مکمل ثبوت فراہم کیا ہے۔ دنیا کے مختلف جمہوری ممالک میں جنگوں،
سیلاب،زلزلوں سمیت مختلف قدرتی آفات کے باوجود مقررہ وقت پر الیکشن ہونے کی بے شمار مثالیں موجود ہیں ،سندھ میں الیکشن کا پہلا مرحلہ مقرر ہ تاریخ کو ہونے کے بعد بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا گیا تھا جبکہ کراچی ڈویزن میں کوئی سیلابی صورتحال نہیں تھی ،دوسری مرتبہ بھی بارش کا بہانہ بناکر الیکشن ملتوی کیا گیا اور اب سندھ ،وفاقی حکومت کی سیکورٹی فراہم نہ کرنے کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرناسراسر بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے ۔ کراچی میں قومی اسمبلی کی تین سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہوچکا ہے تو بلدیاتی الیکشن کیوں نہیں ہوسکتے؟۔ جماعت اسلامی سندھ الیکشن کمیشن ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کرتی ہے کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرنے کیلئے تاریخ مقرر کرنے کا اعلان اور مقررہ تاریخ پر الیکشن کروائے جائیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔
محمد حسین محنتی