کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان نظریاتی پارٹی کے چیئرمین شہیرحیدرملک سیالوی نے کہاہے کہ موروثی سیاستدانوں نے سوائے غربت وافلاس کے اس ملک کی عوام کو کچھ نہیں دیا،عوام کی پسماندگی کو ختم کرنے کے اقدامات کرنے کے بجائے عوام کو مہنگائی کی چکی میںپیساجارہاہے، نچلے طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ،بلکہ اب تو متوسط طبقہ بھی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنے میں ناکام ہو چکا ہے ۔ شہروں میں ترقیاتی کام ناپید ہوگئے ،ہرطرف ٹوٹی پھوٹی سڑکیں،صفائی ستھرائی کا کو ئی مناسب انتظام نہیں ہے،قوم کچروں کے ڈھیر اور گندگی کے تالابوں کے بیچ زندگی گزارنے پر مجبورہوچکی ہے، پینے کے لئے صاف پانی میسرنہیں ہے، تعلیم وصحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابرہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نظریاتی پارٹی ملک بھرمیں پھیلی موروثی سیاست کاخاتمہ کرکے قوم کی پسماندگی اور محرومی کو ختم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمارااولین مقصد ملک کے عوام کو ان کا جائز حق دلواناہے،عوام کی خیرخواہ اور ملک کے وقار کو بڑھانے والی حکومت کا قیام ہماری ترجیح ہے۔نوجوان پاکستان نظریاتی پارٹی کے پلیٹ فارم پر آکر ملک میں اسلامی فلاحی مملکت کے قیام کی جدوجہد کریںجو قیام پاکستان کا حقیقی مقصد بھی ہے۔
ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کردیں گے، شہیر سیالوی
Oct 25, 2022