د
کراچی(کامرس رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے گوادر کو محفوظ بنانا ضروری ہے، اس علاقے میں سیکورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی بے چینی کو دور کرنا بھی ضروری ہے، عوام مطمئن ہوں تو سیکورٹی اخراجات میں خاطر خواہ کمی ہو جائے گی،گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے اور دبئی کی طرز پرمقامی حکومت کا نظام دیا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں ایک جدید ترین بزنس سینٹر بن چکا ہے، فری ٹریڈ زون موجود ہے، ائیرپورٹ اگلے سال سے آپریشنل ہو جائے گا، بندرگارہ تقریباً مکمل ہو چکی ہے،ایکسپریس وے بھی بن چکی ہے اور ہسپتال کو توسیع دی جا رہی ہے،قدرتی حسن سے مالا مال یہ علاقہ سیاحوں کی جنت بن سکتا ہے جس کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ گوادر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور یہ سینٹرل ایشیا، ساؤتھ ایشیا اور مڈل ایسٹ کو سمندر کے راستے پاکستان سے منسلک اور پاکستان کے لیے گراں قدر تجارتی حب کا کردار ادا کرے گا مگر مقامی آبادی کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ توجہ نہیں دی جا رہی ہے جو دینے کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے بے چینی پیدا ہوتی ہے جس سے ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں۔