اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے قتل پر تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 1 ہفتے تک کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے آج صرف ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر سماعت کی اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں صرف اسی کیس کی سماعت کیلئے آیا ہوں۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شعیب رزاق نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی میت آج پاکستان پہنچ جائے گی۔ ہماری درخواست ہے کہ قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ارشد شریف کے اہلِ خانہ کے پاس کوئی گیا ہے؟ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا ارشد شریف کے لواحقین کو کوئی معاونت درکار ہے؟تفتیش کے معاملے پر صحافتی تنظیمیں آن بورڈ رکھی جائیں۔ اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل بھی کیس کی سماعت کیلئے ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل کا عدالت کو آگہی دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کینین حکومت کی جانب سے تحقیقاتی رپورٹ سامنے آجائے گی۔ اگر درخواست گزار کینیا کی طرف سے بھیجی گئی رپورٹ پر معترض ہوئے تو کیس کی مزید سماعت کی جاسکتی ہے۔وکیل شعیب رزاق نے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ 2 مختلف ممالک کا معاملہ ہے۔ ریاستی ادارے بہتر طور پر معاملہ حل کرسکتے ہیں۔ بعد ازاں ارشد شریف کے قتل سے متعلق کیس کی سماعت 7روز کیلئے ملتوی کردی گئی۔