افغان پناہ گزینوں کی آباد کاری‘ خصوصی پروازوں کیلئے برطانوی وفد کی ایوی ایشن حکام سے ملاقات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ میں آباد کاری کے لیے خصوصی پروازوں کے حوالے سے برطانوی ہائی کمشن کے خصوصی وفد نے پاکستان سول ایوی ایشن کے سینیئر حکام سے ملاقات کی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشن کے وفد کی قیادت پولیٹیکل قونصلر ذوئی وئیر نے جبکہ سول ایوی ایشن سینیئر حکام کی قیادت ڈائریکٹر سکیورٹی ائیر کموڈور (ر) شاہد قادر نے کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشن اور سول ایوی ایشن حکام نے افغان پناہ گزینوں کی برطانیہ منتقلی کے لیے پروازوں کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈائریکٹر سکیورٹی سول ایوی ایشن نے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی پیغام برطانوی ہائی کمشن وفد کو پہنچایا۔ برطانوی وفد کی سربراہ ذوئی وئیر نے کہا کہ تعاون فراہم کرنے پر پاکستان سول ایوی ایشن کی شکرگزار ہے۔

ای پیپر دی نیشن