اسلام آ باد ( آئی این پی ) پاکستان کے وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بیجنگ میں چین کے وزیر تجارت وانگ وین تا وکے ساتھ پاکستان کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، اس مفاہمت نامے کے تحت چین پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق وزیر تجارت نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان کی چین کو برآمدات میں اضافے اور دوطرفہ تجارت کو متوازن کرنے کے علاوہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ قبل ازیں وزارت تجارت نے بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر معروف چینی کاروباری رہنماں اور سرمایہ کاری گروپوں کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز ملاقاتوں کا سلسلہ مکمل کیا۔ ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع تلاش کرنا تھا۔ وزارت کے سرکاری بیان کے مطابق ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چین پاکستان(چھنگ ڈا و) بین الاقوامی تعاون مرکز کے ڈائریکٹر وانگ زیہائی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سویلین اور دفاعی سازوسامان، ای وی لیتھیم بیٹریز، سولر پینلز اور سیمی کنڈکٹرز شامل ہیں۔ ان مواقع کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا کردار بات چیت کا ایک اہم نقطہ تھا۔ گوادر پرو کے مطابق پاایمان لاجسٹکس کی چیئرپرسن لی یمان سے ملاقات میں چینی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستان کی موجودگی کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ایمان لاجسٹکس نے ڈیجیٹل ڈپلومیسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے چین میں "پاکستان نیشنل پویلین" ڈسپلے سینٹرز شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیر موصوف نے ویل ہوپ کے صدر جن وی ڈونگ سے بھی بات چیت کی، جو ایک معروف چینی زرعی پروڈیوسر ہے۔ سمارٹ فارمنگ اور گوشت کی پروسیسنگ میں کمپنی کی عالمی قیادت باہمی فائدہ مند شراکت داری کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔
چین پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں مدد کرے گا،مفاہمتی یادداشت پر دستخط
Oct 25, 2023