اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پولیو سمیت معاشرے سے تمام منفی رویوں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انسداد پولیو ایک قومی مقصد ہے جس کیلئے ہم سب متحد ہیں، پولیو ویکسین پلانے کیلئے ہمیں ہر بچے تک پہنچنا ہے، انسداد پولیو مہم کے دوران کئی پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، پولیو کے خاتمہ میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اور نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج 99 فیصد دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے اور پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، ہم اپنے قومی مقصد کے حصول سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس کیلئے حکومتی اور ذاتی سطح پر جہاں کہیں بھی ضرورت پڑی اپنی خدمات پیش کروں گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ پاکستان سے جلد پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر پلیتھا ماہیپلا نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے حکومتی عزم قابل ستائش ہے، جس طریقے سے حکومت اقدامات کر رہی ہے امید ہے جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہو جائے گا۔ تقریب سے روٹری انٹرنیشنل اور یونیسف کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعظم نے انسداد پولیو مہم کے دوران شہید ہونے والے پولیو ٹیموں کے ارکان کے لواحقین اور زخمیوں کی خدمات کے اعتراف میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے متعلقہ وزارتوں کو ربیع کی فصل کیلئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت ربیع کی فصل کیلئے یوریا کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ربیع کی فصل کیلئے کسانوں کو بروقت اور بلا تعطل کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی ہے کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کے لئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں، ہاکی کو ایک مرتبہ پھر سے اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے والے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سوانح عمری ”ڈیش تھرو مائی لائف“ پیش کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ہاکی کی موجودہ صوتحال، اس کی بحالی اور فروغ کے لئے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ اصلاح الدین صدیقی نے گزشتہ شب ہاکی چیمپئن شپ کے اختتامی میچ میں وزیرِ اعظم کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے میں سیاحت کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف کاروباری شخصیت اور پاکستان سروسز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مرتضیٰ ہاشوانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی کاروباری استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعظم انوارا لحق کاکڑ سے نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی سمیع سعید نے ملاقات کی۔ میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران طے ہونے والی پاک چین مشترکہ منصوبوں اور وزارت منصوبہ بندی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انسداد پولیو کیلئے سب متحد، منفی رویوں کا خاتمہ اولین ترجیح، کھاد فراہمی کا منصوبہ بنایا جائے: وزیراعظم
Oct 25, 2023