اسلام آباد (خبر نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ اور احتساب عدالت میںپیشی ہوئی۔ سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی اپنے بڑے بھائی سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، طارق فضل چودھری، عطاءتارڑ، چودھری تنویر، ناصر بٹ، ملک شکیل اعوان، ملک ابرار، سجاد خان، چودھری سرفراز افضل، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، انجم عقیل خان، ذیشان نقوی سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد اس موقع پر عدالت کے باہر موجود تھی۔ میاں نواز شریف احتساب عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے پہنچے تو مرکزی قائدین سمیت کارکنان کی کثیر تعداد ان کے استقبال کیلئے عدالت کے باہر موجود تھی۔ کارکنوں نے میاں نواز شریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور کارکنوں نے فلک شگاف نعروں کے ساتھ اپنے قائد کا استقبال کیا۔ بعدازاں میاں نواز شریف عدالتوں میں پیشی کے بعد مری اپنے رہائش گاہ روانہ ہوگئے۔ نیب عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کے خصوصی سخت انتظامات کئے تھے۔ سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی کے لیے 1200پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں 800پولیس اہلکار تعینات، اسلام آباد ہائیکورٹ میں 400 اہلکار سکیورٹی کے فرائض پر تعینات کئے گئے۔