لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن بلوچستان کے صوبائی نائب صدر، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور ضلعی عہدیداران جلیل احمد خان موسیٰ خیل اور مراد خان کو دے زئی نے صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں ہونے والی اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن گزشتہ 40برسوں سے اقتدار میں ہے لیکن عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔ وفاق میں اقتدار کی باریاں لینے والے صوبوں میں بھی تین تین ادوار گزار چکے ہیں، عوام ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روایتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ مہنگائی کی ماری ہوئی عوام متبادل قیادت کی متلاشی ہے اور گزشتہ40برسوں میں عام آدمی کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان سے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے مسلم لیگ کے صوبائی و ضلعی عہدیداران جلیل احمد خان موسیٰ خیل اور مراد خان کودے زئی نے اپنے ساتھیوں سمیت جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت پر غیر مشروط اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔