کراچی (نیٹ نیوز+آئی این پی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف کو لینے نہیں گیا کیونکہ پارٹی کا سینئر لیڈر نہیں۔کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب نے ملک کو مفلوج کیا ہوا ہے، پانچواں سال ہے عدالت میں آتے ہیں اور کچھ نہیں ہوتا، ان عدالتوں میں کیمرے لگائیں اور عوام کو دکھائیں کیا ہو رہا ہے، لوگ دس دس سالوں سے انصاف کے لیے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا پچھلی حکومت نے پانچ ترامیم کیں حالانکہ نیب ختم کرنے کی ایک ترمیم ہونی چاہیے، سابق چیف جسٹس نے مرضی کابینچ بنایا اور پارلیمان کے بنائے قانون کو ختم کیا، میں ہمیشہ کہتا ہوں ان کیسز کو چلائیں بتائیں کیا غلطی ہوئی ہے ہم سے، انصاف کا تقاضا کہاں گیا اور انصاف کہاں گیا۔ اعلیٰ عہدوں پر رہنے والوں کو انصاف نہ ملے تو عام آدمی کوکیسے ملےگا؟صحافیوں نے سوال کیا نوازشریف کا استقبال کرنے کیوں نہیں گئے؟مینارپاکستان جلسے میں بھی شرکت نہیں کی؟ اس پر انہوں نے کہا نواز شریف کو لینے نہیں گیا کیونکہ پارٹی کا سینیئر لیڈر نہیں ہوں اور ہر اجتماع میں جانا ضروری نہیں ہوتا۔