لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے کوریا کے سفیر پارک کیجون (Park Kijun) نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے سمیت دیگر امور پرتفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران فلسطین کی مجموعی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فلسطین غزہ میں بچوں، عورتوں اور معصوم شہریوں پر اسرائیل کی بمباری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ کورین حکومت اور کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں پچھلے سال سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بے حد شکر گزار ہیں۔ پاکستان اور کوریا کے درمیان، اقتصادی، ٹیکنالوجی، دفاعی، ثقافتی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تمام شعبوں میں کوریا کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گا۔ محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کوریا کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے تحت سرمایہ کاری کی سہولیات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان میں کورین سیاحوں کو بدھسٹ سائٹس، تاریخی اور خوبصورت سیاحتی مقامات پر خوش آمدید کہتے ہیں۔دریں اثناء گورنر ہاﺅس لاہورکی تاریخی عمارت کو گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی ہدایت پر بریسٹ کینسر سے آگاہی کے مہینے کے حوالے سے پنک لائٹس سے منور کیا گیا ہے۔
پاکستان تمام شعبوں میں کوریا کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا: گورنر پنجاب
Oct 25, 2023