اسلام آباد(خبر نگار) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) سے گزشتہ روز امریکی ماہر برائے آبی وسائل الیگزینڈراکیمپبل فراری نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پانی کی مجموعی صورتحال، ماحولیاتی تبدیلوں اور پاکستان کے آبی وسائل پر اِن تبدیلیوں کے اثرات کے بارے میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین واپڈا نے کہا آبی وسائل پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ ا±نہوں نے کہا کہ واپڈا اپنے فرائض کی انجام دہی میں پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے پس منظر میں ماحول دوست حکمت ِ عملی پر گامزن ہے۔ اِس حکت ِ عملی کا مقصد پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کے ذریعے پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کا حصول ہے۔ چیئرمین نے پانی اور پن بجلی کے وسائل کو فروغ دینے کے لئے امریکی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ا±مید ظاہر کی کہ امریکی ماہر برائے آبی وسائل کے اِس دورے سے آبی وسائل کے بہتر انتظام اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کے لئے مزید مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی ماہر برائے آبی وسائل کو پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے درپیش چیلنجر اور امکانات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔