پاکستان اور چین کے تعلقات غیرمتزلزل عزم اور اعتماد کا عکاس ہیں ، صادق سنجرانی

Oct 25, 2023

اسلام آباد(خبرنگار) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چین کے شہر بیجنگ میں منعقدہ بین الاقوامی سمپوزیم میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی سمپوزیم چین کی ہمسائیگی سفارتکاری میں دوستی، خلوص، باہمی مفادات اور شمولیت کے اصولوں کی دسویں سالگرہ کے حوالے سے چین کے شہر بیجنگ میں منعقد ہو رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے چین کو 74 ویں یوم تاسیس پر دل کی گہرائیوں سے مبارکبادبھی پیش کی سمپوزیم کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ چینی قیادت اور عوام کے لگن سے پیدا ہونے والے اس ترقی پسند ماحول کو دیکھ کر خوشی محسوس کررہا ہوں۔یہ اعلی سطحی سمپوزیم نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے روشن مستقبل کیلئے امید کی کرن ہے۔پاکستان اور چین کے مابین برادرانہ تعلقات غیرمتزلزل عزم اور اعتماد کا عکاس ہیں۔ پاکستان اور چین کا ایسا رشتہ ہے جس نے بے شمار طوفانوں کا سامنا کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے چین کی قیادت اور عوام کو اس شاندار سمپوزیم کے انعقادپر مبارکباد پیش کی محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ آج ہم یہاں چین کی ہم آہنگی، دیانتداری، باہمی مفاد اور ہمسائیگی سفارتکاری میں شمولیت کے اصولوں کی دسویں سالگرہ منانے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔یہ صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت کا اہم کارنامہ ہے۔چین کو خوشحال، مضبوط، جمہوری، مہذب اور ہم آہنگ بنانے کیلئے صدر شی کی خدمات، دوراندیشی اور لگن قابل ستائش ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صدر شی کی تحریریں سفارتکاری کے شعبے میں مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔صدر شی کی بے مثال قیادت اور وسعت نظری نے نہ صرف چین کو بلندیوں تک پہنچایا بلکہ عالمی شراکت داروں کے لئے بھی راہیں ہموار کیں ہیں۔برادر ملک چین کی بے مثال تاریخ 4 ہزار سال پر محیط ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عظیم فلسفی سن زو کی تعلیمات اور کنفیوشس کی لازوال حکمت نے نہ صرف چین کے اندر بلکہ پوری دنیا میں فکری اور اخلاقی سوچ کو اجاگر کیاہے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ قابل تعریف سابق وزیراعظم چین چواین لائی نے موثر سفارت کاری کے ذریعے چین کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔

مزیدخبریں