اسلام آباد(خبرنگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا 78 سال قبل قیام پوری دنیا کے لیے امید کی کرن بنا ، پاکستان اپنے قیام سے ہی یو این او کا فعال رکن رہا ہے، پاکستان دنیا کے مختلف ممالک میں اقوام متحدہ کے امن بحالی مشنز کا حصہ رہا ہے اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میںانہوں نے کہا کہ عالمی امن کا قیام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے جنگی جرائم پوری دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور جبر سے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اسرائیل اور بھارت کے ہاتھوں مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کو فوری طور پر روکنے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاانہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ فلسطین اور کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا کے کسی بھی خطے میں دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہا ہے
اقوام متحدہ فلسطین وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،پرویز اشرف
Oct 25, 2023