لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی سپنرز ایک بار پھر 10 وکٹیں لے اڑے اور انگلینڈ کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 267 رنز پر آؤٹ کردیا ۔ کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 73 رنز بنا لئے اور 194 رنز خسارے کا سامنا ہے۔انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ قومی سپنرز نے آدھی انگلش ٹیم کو 98 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔بین ڈکٹ اور زاک کرالی نے56 رنز کا آغاز فراہم کیا۔بین ڈکٹ 52 اور زاک کرالی 29 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اولی پوپ 3 ، جو روٹ اور ہیری بروکس 5،5 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔کپتان بین سٹوکس بھی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ جیمی سمتھ نے گس ایٹکنسن کیساتھ 105 رنز کی شراکت قائم کی، ایٹکنسن 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جیمی سمتھ 89رنز پر چلتے بنے۔ ریحان احمد 9 رنز اور جیک لیچ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انگلش ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔قومی ٹیم کی جانب سے تمام وکٹیں سپنرز نے حاصل کیں، ساجد خان نے 6، نعمان علی 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ اڑائی۔267 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو عبد اللہ شفیق 14 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور وہ 19 رنز بنا کرچلتے بنے۔ کامران غلام تھ صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ جب پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان ٹیم نے 3 وکٹوں پر 73 رنز بنالئے تھے، کپتان شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔شعیب بشیر ‘جیک لیچ اور گس اٹکنسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم کومہمان ٹیم کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 194 رنز درکار جبکہ سات وکٹیں باقی ہیں ۔
پنڈی ٹیسٹ : انگلینڈ سپنرز کے سامنے بے بس، 267 پر آؤٹ، ساجد کے 6 شکار
Oct 25, 2024