صدر لاہور چیمبر سے مختلف اداروں کے عہدیداروں کی ملاقات

لاہور،(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا کاروباری برادری کو معمولی معاملات میں الجھانے کے بجائے انہیں پرامن اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ نجی شعبہ ملک کی ترقی کیلئے پرعزم ہے اور اسے اس مقصد کے حصول کیلئے معاون ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ایڈیشنل سیکرٹری عظمیٰ سلیم، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عثمان باجوہ اور ڈپٹی سیکرٹری ہوم ڈپارٹمنٹ جمال فضیل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی رکن آمنہ رندھاوا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صدر لاہور چیمبر نے سرکاری اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے پالیسیوں پر بات چیت کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اگر ادارے تعاون نہیں کرینگے تو تاجر کہاں جائیں گے۔ تاجر ملکی ترقی کیلئے سرگرم ہیں لیکن انہیں ڈینگی لاروا کی آڑ میں کیسز میں الجھا دیا جاتا ہے۔ ایسے حالات میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عثمان باجوہ نے میاں ابوزر شاد سے اتفاق کیا اور کہا ڈینگی لاروا کے معاملے پر ایف آئی آرز کا اندراج ایک سخت اقدام ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن