ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بابا گورونانک یونیورسٹی ننکانہ میں پہلی انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ۔ جمنیزیم ہال میں ہونیوالی انٹرنیشنل کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر باباگورونانک یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے کی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ کانفرنس میں انڈونیشیا ء، ملائیشیاء ،برطانیہ اور ترکی سمیت مختلف ممالک اور ملک کی مختلف یونیورسٹیز کے ، مندوبین ، وائس چانسلرز‘ اساتذہ اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ دو ہزار سے زائد طلباء اور طالبات نے سائنس ‘ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف موضوعات پر تحقیقاتی مکالمے پیش کئے‘ طلباء کے ہاتھوں کی مہارت سے تیار کئے گئے سائنسی اور معلوماتی ماڈلز کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا‘صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خطاب کرتے کہا کہ باباگورونانک کی دھرتی پر مختلف ممالک اور ملک بھر سے اساتذہ اور طلباء کی شرکت خوش آئند ہے ۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگاتعلیم کے میدان میں ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔