بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے: مشا ل ملک  

اسلام آباد(نیٹ نیوز) سابق معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے انسانی حقوق مشال حسین ملک نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتاہے ، ثقافت کسی بھی قوم کی سب سے بڑی پہچان ہوتی ہے۔ آرٹیکل 370اور 35اے کے خاتمہ کے بعد کشمیر کی ثقافت کو منظم طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے۔ اسوقت تمام کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے۔ اس لیے آزادکشمیر کے رہنے والے باالخصوص نوجوان کشمیری ثقافت کو محفوظ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اوورسیز کشمیری گلوبل پلیٹ فارمز پر کشمیری کلچر کو متعارف کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آزادکشمیر یونیورسٹی میں کشمیری کو بطور زبان پڑھایا جائے۔ کشمیر کی زبانیں، لباس، روایتی کھانے، دستکاری اور دیگر مصنوعات کو محفوظ کیا جائے تاکہ یہ آنے والی نسلوں تک منتقل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی یوتھ اور اوورسیز کشمیر ی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں۔ آپ یاسین ملک کی آواز بنیں اور سوشل میڈیا سمیت ہر فورم پر منظم مہم کے ذریعے انکے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک ایک عظیم لیڈر ہیں پھانسی کا پھندا انکے سامنے ہے لیکن انکی آنکھوں میں کسی نے مایوسی نہیں دیکھی۔ اس لیے آپ کی آنکھوں میں بھی مایوسی نہیں ہونی چاہیے۔ مشال ملک نے کہا کہ آزادکشمیرکے لوگ آزاد ماحول میں رہ رہے ہیں آپ لی ذمہ داری ہے کہ آپ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی جاندار آواز بنیں۔ نوجوان اپنے آرٹ کے ذریعے تحریک آزادی کو اجاگر کریں۔ شاعری انقلاب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اپنی شاعری کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دنیا تک پہنچائیں۔ ہم سب بے متحد ہو کر تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کے 77 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے کشمیر کلچرل اکیڈمی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیر اہتمام آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کنگ عبداللہ کیمپس میں ''شام ثقافت کشمیر'' کے عنوان سے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی سابق معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے انسانی حقوق مشال حسین ملک نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں ممبر پارلیمنٹ بریڈ فورڈ محمد یاسین، ممبر پارلیمنٹ برمنگم طاہر علی، لارڈ مئیر مانچسٹر یاسمین ڈار، لارڈ میئر سٹوک آن ٹرنٹ ماجد خان نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن