کئی وارداتیں‘ شہری لٹ گئے‘ ڈیفنس میں واردات کے دوران جیمر ڈیوائس کا استعمال  

Oct 25, 2024

لاہور (نامہ نگار)  لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈیفنس میں ڈاکوئوں کی جانب سے گھر میں دوران واردات جیمر ڈیوائس استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیفنس اے کے علاقے میں 5 ڈاکوئوں نے واردات کے دوران جیمر ڈیوائس استعمال کی۔ ڈاکوئوں کے گھر داخل ہوتے ہی موبائل اور انٹرنیٹ کام کرنا بند ہو گیا تھا۔ جیمر ڈیوائس ایک ڈاکو نے ہاتھ میں پکڑی ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پانچ ڈاکو ڈیفنس میں گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی واردات کر کے فرار ہوئے تھے جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ رکنی گینگ اس سے قبل بھی وارداتوں میں جیمر ڈیوائس استعمال کر چکا ہے۔ ڈاکوؤں نے سمن آباد میں ذوالقرنین کے گھر سے6لاکھ 10ہزار کی نقدی‘ زیورات، موبائل فون دیگر سامان، جوہر ٹاؤن میں مصدق کی فیملی سے 4 لاکھ 55ہزار‘ زیورات اور موبائل فون، مصطفی آباد میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے فیملیز سے 2لاکھ 31 ہزار‘ موبائل فون‘ شالیمار میں حسیب سے 55ہزار ‘ موبائل فون‘ کاہنہ میں شکیل سے 39ہزار‘ موبائل فون‘ اقبال ٹاؤن میں اکمل سے 35ہزار‘ موبائل فون، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ میںعثمان سے18 ہزار‘ موبائل فون‘ ہنجروال میں نعیم سے ہزاروں روپے‘ موبائل فون‘ ساندہ میں رشید سے 12 ہزار‘ موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں ۔چوروں نے رائیونڈ سٹی، اسلام پورہ اور شاہدرہ سے گاڑیاں‘ اچھرہ سے رکشہ جبکہ ماڈل ٹاؤن‘ گوالمنڈی‘ملت پارک‘کاہنہ‘جوہر ٹاون‘مسلم ٹاؤن‘مزنگ‘نواں کوٹ‘سندر‘ فیکٹری ایریا‘مناواں اور کوٹ لکھپت سے 10 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔

مزیدخبریں