سپریم کورٹ کو دفنا دیا گیا ہے، عدلیہ بحالی کی ملک گیر تحریک چلانا ہوگی، حامد خان

Oct 25, 2024

 ملتان(آئی این پی ) سینئر وکیل اور سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کو دفنا دیا گیا ہے، عدلیہ بحالی کی ملک گیر تحریک چلانا ہوگی۔سپریم کورٹ بار کی انتخابی مہم کے دوران ملتان میں پروفیشنل لائرز اینڈ گرینڈ الائنس کی جانب سے منعقدہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ کو دفنا دیا گیا ہے۔ وکلا قوم کے سپاہی ہیں ، آئین و عدلیہ کی بحالی کے لیے ملک گیر تحریک چلانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مارشل لا میں عدلیہ پر نہیں، ججز پر حملہ ہوتا تھا۔ موجودہ جمہوری دور میں پوری عدلیہ ہی پر حملہ کر دیا گیا ہے۔ 20 اور 21 اکتوبر کی درمیانی شب آزاد عدلیہ پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔آج 25  اکتوبر کو یوم نجات منائیں گے۔ قاضی فائز عیسی جب 25 کو جائیں گے تو وہ پورے ملک میں یوم نجات ہی ہو گا۔ سینیٹر حامد خان کا کہنا تھا کہ ہماری تحریک کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔ عدالت کے متوازی عدالت وکلا نے نہیں بننے دینا۔ ہائیکورٹ کی سطح پر آئینی بینچز دراصل عدالتی تباہی کا پیغام لے کر آئیں گے۔ ہمیں مضبوط سپریم کورٹ بار کی ضرورت ہے۔ ماضی میں بھی عدلیہ بحالی تحریک کے لیے سپریم کورٹ بار نے فعال کردار ادا کیا تھا۔ 29 اکتوبر کا سپریم کورٹ بار کا الیکشن ہمیں پوری قوت سے لڑنا ہو گا ورنہ فارم 47 کی طرح یہاں بھی نتائج بدل دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں