رئیر ایڈمرل فیصل امین نے کمانڈر کوسٹ کے فرائض سنبھال لیے

اسلام آباد،کراچی(خبرنگارخصوصی+سٹاف رپورٹر) رئیر ایڈمرل فیصل امین نے کراچی میں منعقدہ کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب کے دوران کمانڈر کوسٹ کے فرائض سنبھال لیے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل راجہ رب نواز نے پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ ریئر ایڈمرل فیصل امین کو سونپی۔ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے 1992 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز (برطانیہ)، آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (کوئٹہ) اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (اسلام آباد) سے فارغ التحصیل ہیں۔ ریئر ایڈمرل فیصل امین ایک شاندار بحری کیریئر رکھتے ہیں جس میں مختلف کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کا وسیع تجربہ ہے۔ ان کی اہم تقرریوں میں کمانڈر 18 ڈسٹرائر سکواڈرن، اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)، چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکرٹری-III، اور نیول سیکرٹری کا تجربہ شامل ہے۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔

ای پیپر دی نیشن