پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی ضرورت،محسن نقوی

Oct 25, 2024

استنبول (آئی این پی )وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں،دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر داخلہ سے آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ علیوف عصمت راشد نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے وزرا کے درمیان کثیر الجہتی برادرانہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی ۔آذربائیجان کے وزیر مملکت برائے داخلہ نے چند روز قبل شمالی بحیرہ عرب میں 145 ملین ڈالر مالیت کی 2400 کلو گرام سے زائد منشیات ضبط کرنے کے پاک بحریہ کے کامیاب آپریشن کو سراہا۔وزیر مملکت داخلہ آذربائیجان نیوزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی حکام کی کاوشوں کی تحسین کی ۔آذربائیجان کے وزیر مملکت داخلہ نے استنبول انٹرنیشنل ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔ انہوں نیپاکستانی پویلین میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزرا نے باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں