چناب نگر (نمائندہ نوائے وقت) ٭...... کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قرآن کریم کی آیت خاتم النبیین و دیگر آیات کی تلاوت سے ہوا۔٭...... مولانا عزیز الرحمن ثانی اور مولانا توصیف نے کانفرنس کے عمومی و خصوصی انتظامات پر گہری نظر رکھی ہوئی تھی۔٭...... امسال بھی کالعدم تنظیموں، فورتھ شیڈول اور ضلع بندی کے تمام افراد اس کانفرنس میں شریک نہیں ہوئے۔٭...... پنڈال کے شرکاء میں دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث مکاتب فکر کے لوگ اور دینی مدارس، تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں کے طلباء اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔٭...... پولیس اور خفیہ اداروں کی طرف سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات دیکھنے میں آئے۔٭...... کانفرنس کے پنڈال کے باہر کھانے کی وسیع و عریض کینٹینیں لگی ہوئی تھیں، پنڈال کے باہر کتب خانے، ٹوپیوں، عطریات اور تسبیحات کے بازار سجے ہوئے تھے۔٭...... کانفرنس کا وسیع و عریض پنڈال نعرہ تکبیر: اللہ اکبر، خاتم الانبیاء: مصطفی مصطفی، فرما گئے یہ ہادی: لا نبی بعدی اور تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔٭...... نظامت کے امور مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی، مولانا قاضی احسان احمد، مولانا محمد قاسم رحمانی کے سپرد تھے ۔ ٭...... مولانا عبدالحکیم نعمانی مقررین کے بیانات اور ان کے ریمارکس پر صحافیوں کو بریفنگ دیتے رہے اور مولانا عبدالنعیم و مولانا محمد عرفان بزیزی میڈیا سیکشن میں مقرر ین کی تقاریر کے اقتباسات تحریر کر کے پرنٹ میڈیا کے صحافیوں کو بھیجنے کے امور پر مامور تھے۔ ٭… شاہین ختم نبوت مولانا اللہ وسایا نے شرکاء کے تحریری سوالات کے جوابات دئیے۔٭...... کانفرنس میں ختم نبوت خط و کتابت کورس اسلام آباد کا بھاری بھرکم وفد خالد مبین کی قیادت میں شامل ہوا۔
آل پاکستان سالانہ ختم نبوت کانفرنس کی جھلکیاں
Oct 25, 2024