لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی دعوت پر چھ بار ایسویسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے وزیر قانون پنجاب ملک صہیب احمد بھرتھ اور پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون خالد رانجھا سے ملاقات کی۔ ملتان سے صدر عمران خاکوانی، نارووال سے صدر محمد ابراہیم، منڈی بہائوالدین سے ماریض رانا، فیصل آباد سے صدر میاں انوارلحق، گوجرانوالہ سے صدر عامر منیر اور سرگودھا سے محسن شاہ ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ ملاقات میں بار ایسویسی ایشنز کے جنرل سیکرٹریز، سیکرٹری قانون پنجاب بلال احمد لودھی نے بھی شرکت کی۔ بارز کے صدور وجنرل سیکرٹری کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت کو جمہوری انداز میں 26 ویں آئینی ترمیم پاس کروانے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ صدور و جنرل سیکرٹری نے اس موقع پر چیمبر کی تعمیر کی جگہ، پارکنگ، ینگ لائرز کے لئے پروگرام، جوڈیشل کمپلیکس کی ری ویمپنگ، فیصل آباد، سرگودھا و دیگر ڈویژن میں ہائی کورٹ کے بنچ کے مسائل کا فوری حل کا بھی مطالبہ کیا۔ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آئینی ترمیم سے عوام الناس کے لئے آسانی پیدا ہو گی۔ پنجاب حکومت صوبہ بھر کی بار میں خواتین وکلاء کیلئے ڈے کیئر سنٹر کا قیام کر رہی ہے۔ وکلاء کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ آپ کا نمائندہ بن کر وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کروں گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب ترجیحی بنیادوں پر وکلاء کے مسائل کو حل کرنا چاہتی ہیں۔ ملاقات میں نارووال اور منڈی بہائوالدین بارز کو پنجاب حکومت کی جانب سے پچاس پچاس لاکھ،گوجرانوالہ، سرگودھا بار کو ایک، ایک کروڑ کے چیک دیئے گئے اور ملتان اور فیصل آباد بار کو ایک، ایک کروڑ کے چیک دئیے گئے۔
گوجرانوالہ سمیت 4 بارز کو ایک کروڑ کے چیک، مسائل حل کریںگے: وزیر قانون
Oct 25, 2024