کراچی (کامرس رپورٹر) کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان سٹاک ایکس چینج نے بلندیوں کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس88 ہزار اور 89ہزار پوائنٹس کی دو نفسیاتی حدیں عبور کر گیا۔ تاہم بعد ازاں انڈیکس 89ہزار پوائنٹس کی سطح سے نیچے تو آگیا مگر 1700پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس88900پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 173ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 115کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور 52.42فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس میں 1751.45پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 87194.54پوائنٹس سے بڑھ کر 88945.99 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 645.62پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 27396.99 پوائنٹس سے بڑھ کر 28042.62 پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 56.79.68 پوائنٹس سے بڑھ کر 56965.70پوائنٹس ہو گیا۔ ملکی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ سونے کی فی تولہ قیمت 2300 روپے گھٹ گئی جس کے بعد سونا 2 لاکھ 83 ہزار 100 روپے فی تولہ ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1971 روپے کی کمی ہوئی اور 10 گرام سونا 2 لاکھ 42 ہزار 713 روپے پر آگیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 3 ہزار 350 روپے پر مستحکم رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو انٹر بنک میں 10پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 277.75روپے سے بڑھ کر 277.85روپے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 12پیسے بڑھ گیا جس کے بعد ڈالر کی قدر 278.67روپے سے بڑھ کر278.79روپے پر جا پہنچی۔