اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) ذرائع کے مطابق با نی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وکلاء سے ملاقات کی جس میں انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم پر افسوس کا اظہار جبکہ مولانا فضل الرحمان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد شعیب شاہین نے وکیل فیصل چوہدری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کی۔ شعیب شاہین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو26 ویں ترمیم کا علم نہیں تھا لیکن اب تمام معاملات سے آگاہ کر دیا ہے۔26 ویں آئینی ترمیم جس طرح پاس ہوئی اس پر بانی پی ٹی آئی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ڈیتھ سیل کی پانچ دن بجلی بند رکھی گئی۔ اخبارات اور ٹی وی کی سہولت بند ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایکسرسائز کی مشین20 دنوں بعد ملی ہے۔ شعیب شاہین نے کہا کہ ان حرکتوں پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پوری دنیا میں اپنا تماشا بنا رہے ہیں، ان کے اپنے پیسے ملک سے باہر اور دوسروں کو کہہ رہے ہیں کہ یہاں سرمایہ کاری کریں۔ عمران خان نے کہا کہ مارشل لاء میں بھی ایسا ظلم نہیں ہوا، بہنوں کو بھی اٹھا لیا اور ضمانتیں نہیں ہو رہیں، ایک متعصب جج کے پاس عمران خان کی بہنوں کا کیس ہے۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کو بشریٰ بی بی کی رہائی کی خبر سنائی جس پر وہ مطمئن تھے لیکن انتظار پنجھوتہ سمیت تمام ورکروں کی گمشدگی پر بہت تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان نے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی پر افسوس کا اظہار نہیں کیا۔