پشاور(آئی این پی ) چیف جسٹس پاکستان کے تقررکیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی سے پی ٹی آئی کے بائیکاٹ پر شوکت یوسفزئی نے قیادت پر تنقید کی۔ ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے چیف جسٹس کے تقرر کے لیے قائم کمیٹی سے بائیکاٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ میں پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔شوکت یوسفزئی نے موقف اختیار کیا کہ پارلیمانی کمیٹی سے پارٹی کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست نہیں تھا جب کہ ان کی جانب سے قیادت کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی مخالفت نہ کرنے کی تلقین بھی کی گئی۔ اس معاملے پر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی، شرکت نہیں کرنی تھی تو وفاقی حکومت سے آئینی ترمیم پربات چیت کیوں کی؟۔انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا صاف ستھرا کردار رہا ہے، ان کی مخالفت کرکے ہم کیوں اپنے لیے مشکلات پیدا کریں؟