اسلام آباد(کے پی آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کے باعث اقوام متحدہ کے عالمی امن کے حصول کی کوششیں خطرے میں ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سب کیلئے پرامن اور خوشحال دنیا کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کے تمام رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔(آج جمعرات) اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی مسلسل حمایت کی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن و سلامتی کیلئے نمایاں کردار ادا کیا ہے جس میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں فوج اور پولیس کے معاون کے طور پر خدمات انجام دینا بھی شامل ہے۔