وزیر خزانہ و پارلیمانی امورپنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن کی نوائے وقت آفس آمد، ایم ڈی، سی او او سے ملاقات

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چھبیسویں آئینی ترمیم کے منظور ہوتے ہی سٹاک ایکسچینج نے سابق ریکارڈ توڑ دیئے۔ عوام فسادی ٹولے کو رد کر چکے ہیں۔ ملکی ترقی شریف خاندان کی ذمہ داری ہے۔ 2018ء میں جہاں ترقی کرتا ملک چھوڑا تھا ایک سیاستدان نے اس کو پستی کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اب ملک اور صوبہ ترقی کے مراحل تیزی سے طے کرنے لگا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ و پارلیمانی امور پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایم ڈی نوائے وقت گروپ سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سی او او ادارہ نوائے وقت اور سینئر بیوروکریٹ حبیب ہاشمی بھی موجود تھے۔ میاں مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ مریم نواز چاروں صوبے کے عوام کی ترجمان ہیں۔ پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ ان کے صوبے کے چیف ایگزیکٹوز بھی مریم نواز کی عوام دوست پالیسی کو اپنائیں۔ مریم نواز نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بہار لگا دی ہے۔ کبھی محسوس ہی نہیں ہوا کہ مریم نواز پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ بنی ہیں۔ سفارش کلچر کا خاتمہ، میرٹ کا بول بالا اور گڈ گورننس پنجاب کی وزیراعلیٰ کی ریڈ لائن ہے۔ جبکہ ماضی میں فرح گوگی، بزدار سرکار نے صوبے کو کرپشن کا گڑھ بنا دیا تھا۔ پانچ سال پورے ہونے پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کی عوام کو جدید ترقی یافتہ عوامی منصوبوں سے لبریز پنجاب کا تحفہ دے گی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی دعا کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن