قراردادوں کے باوجود کشمیر، فلسطین تنازعات ابھی تک حل طلب: وزیراعظم

Oct 25, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیو مہم کا باضابطہ طور پر افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں بچے پولیو کا نشانہ بن کر اپنے اہلخانہ پر بوجھ بن چکے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ یہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور پولیو کو ہمیشہ کیلئے پاکستان کی سرحدوں سے باہر نکال دیا جائے گا۔ انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پولیو کا عالمی دن منانے کیلئے جمع ہوئے ہیں اور یہ ہمیں اس امر کی یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک بار پھر پولیو وائرس کے حملے کی زد میں ہیں، ہمیں اس لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو ایک مرتبہ پھر یکجا کرنا ہوگا۔ ہم نے ماضی میں بھی ایسا کیا ہے اور پھر سے ایسا کریں گے۔ ہمیں اس راہ میں آنے والے چیلنجوں کو قبول کرتے ہوئے غیر متزلزل اور آہنی عزم کے ساتھ ان کا سامنا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان جلد پولیو سے پاک ہو سکے۔  وزیراعظم نے اس موقع پر پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ پولیو ورکز نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا اور وہ اپنے بچوں کو یتیم کر گئے لیکن بچوں کو پولیو کے وائرس سے بچانے کیلئے تاریخ میں سنہرے حروف سے اپنا نام رقم کر گئے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے چاروں صوبوں میں پولیو کے 40 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ علاوہ  ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ایکس پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات، جغرافیائی و سیاسی تنائو میں اضافہ اور گلوبل ساتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل طلب ہیں۔ جب تک اقوام متحدہ کی بنیادی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اس دن پر کثیرالجہتی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جہاں تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے ضلع باجوڑ میں خارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی تعریف کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت سے فتنہ الخوارج کے 9 دہشتگردوں بشمول خود کش بمباروں اور دہشتگردوں کے سرغنہ کو جہنم واصل کیا۔  دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے ٹیکس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے ایف بی آر کو جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ایف بی آر کے افسران کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور اسے مؤثر طور پر بروئے کار لانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) کی تعمیر نو کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک میں ٹیکس کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے نظام کو مزید مؤثر بنانے  کا کہا اور کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔  متعلقہ افسران کو تمام ایف بی آر اصلاحات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

مزیدخبریں