تاجروں کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے، وقار ظفر بختاوری

Oct 25, 2024

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سابق صدرچکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز وقار ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجروں کا ملکی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے،حکومت تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروبار کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرے،حکومت اور تاجروں کے درمیان قریبی تعاون اور رابطہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور ترقی کی نئی راہوں کو کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا، چکوال چیمبر آف کامرس نے ہمیشہ تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے آواز اٹھائی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیز کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جنر ل سیکرٹری جناح سپر مارکیٹ وسینئر نائب صدر آئی سی سی آئی عبدالرحمٰن صدیقی،نو منتخب صدر تلہ گنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملک شبیر اعوان،سابق صدر چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خواجہ عارف اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے،وقار ظفر بختاوری نے ظہرانے کا اہتمام کرنے پر صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیزکا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں آپ کے ساتھ مل کر یہ لمحہ گزارنا میرے لیے بہت خاص ہے۔ چکوال چیمبر آف کامرس کی قیادت میں یہ سفر میرے لیے ناقابل فراموش رہا ہے۔ ہم نے مل کر کئی چیلنجز کا سامنا کیا اور کامیابیاں حاصل کیں۔میری کوشش رہی کہ کاروباری برادری کی بہتری کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے، اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے مل کر ترقی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔

مزیدخبریں