وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے حب پل کاافتتاح کر دیا

Oct 25, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)بلوچستان اور صوبہ سندھ کے سنگم پر دریائے حب این 25پر 2022کے سیلاب میں بہہ جانے والے نئے تعمیر شدہ حب پل کا وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان نے افتتاح کر دیا جس پر 1180ملین روپے لاگت آئی ہے اور 488میٹر طویل اس پل پر ٹریفک کی روانی سے کراچی سے گوادر تک تجارتی سامان کی ترسیل بحال ہو گئی ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے وہاں کاروباری سرگرمیوں کا ہونا ضروری ہے، ہم دوسرے صوبوں سے ریونیو اکٹھا کر کے بلوچستان کی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا سب سے بڑا نیٹ ورک ساڑھے4ہزار کلومیٹر طویل بلوچستان کے صوبے میں ہے جہاں سے کم ٹول ٹیکس اکٹھا ہوتا ہے۔انہوں نے دریائے حب پر نئے تعمیر شدہ پل کو ٹریفک کے لئے ناکافی قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ ایک اور پل کی تعمیر کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں