مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے، قاسم نون

Oct 25, 2024

اسلام آباد(نمائندہ  خصوصی)چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا قاسم نون نے آزاد جموں و کشمیر کی آزادی کی 77 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے اجلاس میں کمیٹی کے شرکاء  سے اظہار خیال کرتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر ایک قومی مسئلہ ہے جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مسلسل وکالت کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے عالمی پلیٹ فارمز جیسے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، اقوام متحدہ (یو این)، یورپی یونین (ای یو) اور دیگر فورمز پر کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین رانا قاسم نون نے مسئلہ کشمیر پر مختلف حکومتی وزارتوں کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے ایک بین وزارتی کمیٹی کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو قومی نصاب میں تنازعہ کشمیر سے متعلق تعلیمی مواد متعارف کرانے کا کہا تاکہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیر کے تاریخی اور سیاسی پس منظر کو سمجھ سکیں۔ انہوں نے اس امر کی ضرورت پر زور دیا کہ کشمیر پر قومی عزم کو برقرار رکھنے کے لیے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر سے متعلق تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔چیئرمین نے تمام متعلقہ وزارتوں کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا تاکہ علاقائی و عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر سے متعلق جاندار نقطہ نظر کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف سے دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے متحرک کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ سینیٹر کامل علی آغا، ممبران قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، سردار فتح علی خان نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مسئلہ کشمیر پر قومی موقف کو زندہ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزیدخبریں