ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایرو اسپیس اور دفاعی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے اور ہلاکتوں کے بعدترک حکومت نے سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر پابندی لگانے کا بڑا فیصلہ کرلیا۔ رپورٹ کے مطابق دفاعی کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردوں کے حملے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہونے کے بعد ملک میں سوشل میڈیا کے تمام بڑے پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ترک حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول ایکس، یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور ٹِک ٹاک پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈیجیٹل گورننس اور سائبر سیکیورٹی کی نگرانی کرنے والی عالمی انٹرنیٹ آبزرویٹری نیٹ بلاکس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ترکیہ میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد ہونے کا اعلان کیا ہے۔عالمی انٹرنیٹ آبزرویٹری نیٹ بلاکس کی پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترک حکام نے انقرہ میں ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے کی میڈیا کوریج پر پابندی لگادی ہے۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عائدی کی گئی حالیہ پابندی کو کب ختم کیا جائے گا۔