رواں ماہ کی چھ تاریخ سے غزہ پٹی کے شمال میں جبالیا پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں علاقے میں ایک ہسپتال پر بم باری کی گئی ہے۔
کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفيہ نے جمعے کے روز بتایا کہ جبالیا میں واقع ہسپتال پر اسرائیلی ٹینکوں کی مسلسل گولہ باری کے نتیجے میں طبی عملے کے کئی ارکان زخمی ہو گئے۔بعد ازاں العربیہ کے نمائندے نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے کمال عدوان ہسپتال پر دھاوا بول دیا۔ اسرائیلی فوج نے تمام زخمیوں اور ان کے ہمراہ موجود افراد کو ہسپتال کی کھلی جگہ پر اکٹھا کیا اور پھر مردوں کو خواتین سے الگ کر دیاواضح رہے کہ رواں ماہ چھ اکتوبر سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقوں پر نیا حملہ شروع کیا۔ فلسطینی شہری دفاع کے مطابق اس کے نتیجے میں چند روز کے دوران میں تقریبا 800 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
خان یونس میں 24 افراد جاں بحق
دوسری جانب غزہ کی پٹی کے جنوب میں العربیہ کے نمائندے کے مطابق اسرائیل نے خان یونس شہر پر بم باری کی۔ اس کے نتیجے میں 24 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔شہری دفاع کے مطابق اس کے کارکنان نے اب تک 14 لاشیں نکال لی ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے خان یونس کے جنوبی علاقے المنارہ میں ایک گھر پر میزائل داغا تھا۔
حیفا پر راکٹ
العربیہ کے نمائندے کے مطابق لبنان سے اسرائیل میں حیفا اور قیساریا کی سمت متعدد راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی دفاعی نظام نے ان میں سے کئی راکٹوں کو روک دیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس نے حزب اللہ کی رضوان فورس کے فیلڈ کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔حزب اللہ نے گذشتہ روز شمالی اسرائیل کی سمت 100 سے زیادہ راکٹ داغے جب کہ سرحدی قصبے عیتا الشعب میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔