TEXPO 2024: کراچی میں پانچویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش میں 910 ملین ڈالر کے معاہدے

Oct 25, 2024 | 20:47

ویب ڈیسک
TEXPO 2024: کراچی میں پانچویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش میں 910 ملین ڈالر کے معاہدے
TEXPO 2024: کراچی میں پانچویں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لیدر نمائش میں 910 ملین ڈالر کے معاہدے

پانچویں TEXPO 2024 کا انعقاد 25 اکتوبر 2024 کو کراچی ایکسپو سینٹر میں کامیابی سے مکمل ہوا۔ ٹی ڈیپ  نے اس نمائش میں عالمی سطح پر ممتاز شرکاء کو مدعو کرکے فخر محسوس کیا ہے ۔ غیر ملکی خریداروں کے علاوہ ٹی ڈیپ نے مختلف ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشنز، بین الاقوامی چیمبرز آف کامرس، اور عالمی تنظیموں کو بھی اس نمائش میں  شرکت کی  دعوت دی تھی ۔ جس سے نہ صرف  عالمی سطح پر تعاون اور شراکت داری کا ماحول پیدا ہوا بلکہ غیر روایتی منڈیوں سے بھی خریداروں کی آمد نے پاکستانی مصنوعات کی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں تنوع پیدا کیا۔
TEXPO حکومت پاکستان کی جانب سے ایک مخصوص شعبے کی نمایاں تجارتی نمائش ہے جس میں دنیا بھر سے خریداروں کو پاکستان مدعو کیا جاتا ہے تاکہ وہ یہاں اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر سکیں اور پاکستانی ٹیکسٹائل کے شعبے کی تمام اقسام کو اپنی خریداری کی ضروریات کے مطابق دیکھ سکیں۔ اس سال تقریباً 60 ممالک سے 527 غیر ملکی خریدار اور درآمد کنندگان نے اس تقریب میں شرکت کی جبکہ 272 نمائش کنندگان نے TEXPO 2024 میں اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔
نمائش میں غیر ملکی خریداروں اور نمائش کنندگان کے لئے خصوصی B2B ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان 1969 مخصوص B2B ملاقاتوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ نمائش کنندگان کو متعلقہ اور دلچسپی رکھنے والے خریداروں سے ملنے کا موقع ملے، جس سے کامیاب کاروباری سودوں کا امکان زیادہ ہوا اور مجموعی طور پر 10 معاہدے طے پائے۔
یہ تقریب کاروباری تعلقات استوار کرنے کے لئے ایک شاندار پلیٹ فارم ثابت ہوئی، جس کا ثبوت نمائش کے دوران کیے گئے کامیاب سودے ہیں۔ TDAP کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ 910 ملین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے سودے کامیابی سے طے پائے، جو پاکستان کے کاروباری مواقع پر غیر ملکی خریداروں کے اعتماد اور بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ معاہدے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں اور دو طرفہ تجارت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

TEXPO 2024 نے غیر ملکی خریداروں کے لئے صنعتی دوروں کا اہتمام کرکے ایک فائدہ مند تجربہ فراہم کیا۔ ان دوروں نے پاکستان کی مختلف صنعتوں کی کارکردگی کو سمجھنے اور مفید شراکت داریوں کے مواقع پیدا کیے۔ شرکاء کو ممتاز کمپنیوں کے دورے اور ان کی کاروائیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ اس تجربے نے انہیں پاکستانی صنعتوں کی صلاحیت، معیار اور تکنیکی ترقیات کے بارے میں جامع آگاہی فراہم کی۔
TEXPO میں دنیا بھر کے نامور برانڈز کی شرکت نے پاکستان کو ایک فائدہ مند منڈی اور کاروباری مواقع کے مرکز کے طور پر بڑھتے ہوئے اعتراف کو ظاہر کیا۔
TDAP نے TEXPO Talks کی بھی میزبانی کی، جس میں "سبز دھاگے: پاکستان کے ٹیکسٹائل اور لیدر سیکٹرز میں پائیداری کا تانا بانا" کے موضوع پر گفتگو کی گئی، جس میں مقررین میں سے جناب عمر حمید (وزیرمعاشیات ، برسلز) اور محترمہ بیانکا سائیڈل (منیجنگ ڈائریکٹر، بیانکا سائیڈل کنسلٹنسی) نے شرکت کی، اور ایک پینل مباحثہ ہوا۔ دوسرا سیمینار "فضلے سے فائدے تک: پاکستان میں اختراعات"  کے موضو ع سے تھا، جس میں جناب  بوڈوین موئی (ڈائریکٹر، بیڈنگ ہاؤس )اور جناب  عثمان خان (سرمایہ کاری، تجارت و موسمی مالیاتی مشیر، REMIT )کی پریزنٹیشنز شامل تھیں۔ اختتامی گفتگو "اسمارٹ مووز SMEs  کو سبز کاروبار میں تبدیل کرنا" پر تھی، جس میں محترمہ یولیہ بازینوا(GIZ میں پراجیکٹس کی سربراہ)، جناب  جیم التان (صدر، بین الاقوامی اپیرل فیڈریشن)، جناب  طیب نوید(UMT میں شعبہ اختراعات کے سربراہ) اور جناب  عامر چھوٹانی (سی ای او، چھوٹانی انڈسٹریز اور چیئرمین PRGMEA جنوبی زون) نے شرکت کی۔
یہ تقریب ملک کی ساکھ اور ٹیکسٹائل برآمدی برادری میں اقتصادی سرگرمی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں