وفاقی وزیرعبدالقیوم جتوئی نے فوج اور چیف جسٹس آف پاکستان پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کرپشن میں مساوات ہونی چاہئیے اور سب کو اس کا برابرموقع ملنا چاہیے۔

سردارعبدالقیوم جتوئی کوئٹہ میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبربگٹی کی رہائش گاہ پرنواب اکبربگٹی کی فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وفاقی وزیرنے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کوفوج کے بوٹوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا کیونکہ ہم نے اسے وردی اوربوٹ پہنائے ہیں ان کا کام ہے کہ سرحدوں کی حفاظت کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نواب اکبربگٹی کو فوج نے قتل کرایا، مشرف حکومت میں شامل میر ظفراللہ خان جمالی ، جام یوسف ، اویس غنی سمیت دیگررہنما اسٹیبلشمنٹ کی پیداوارتھے ۔ وفاقی وزیر کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف اکبربگٹی کے قتل کا مقدمہ درج ہے واپس آئے توانہیں گرفتارکرلیا جائے گا۔ عبدالقیوم جتوئی نے ایک سوال پر کہا کہ دوسروں کی ڈگریوں پر اعتراض کرنے والے چیف جسٹس آف پاکستان  افتخارمحمد چودھری کا اپنا ڈومیسائل جعلی ہے۔ ان کا تعلق فیصل آباد سے ہے مگروہ بلوچستان کے کوٹے سے جج بنے۔ وفاقی وزیرنے کہا ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں تو تصادم نہیں ہوتا جب بھی کوئی ادارہ اپنی حدود سے باہر جاتاہے توتصادم شروع ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں روز اول سے ہی کرپشن کی گئی ہے، کرپشن میں بھی مساوات ہونی چاہئیے، بلوچ ، سندھی ، پنجابی ، پشتون اورسرائیکی کو کرپشن کا برابر موقع ملنا چاہیے ۔

ای پیپر دی نیشن