محکمہ آبپاشی کا کہنا ہے کہ سیہون اور بھان سعیدآباد شہر کے حفاظتی بندوں پر پانی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے جس کے باعث حفاظتی بند کا کسی ایک مقام پر ٹوٹنے کا خدشہ ہے ۔ محکمہ آب پاشی اور دیگراداروں کا عملہ دن رات پشتوں کو مضبوط بنانے میں مصروف ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج اورنیوی کے اہلکاروں کا ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے اوراب تک سینکڑوں متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔ تحصیل سیہون کے دو سو پندرہ دیہات مکمل طور پر زیرآب ہیں اور وہاں مختلف مقامات پر موجود سات سے بارہ فٹ پانی کے باعث مکانات گرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں اب تک پندرہ سو سے زائد مکانات گرچکے ہیں۔ اُدھر پانی میں گھری تحصیل جوہی کا پچیس ویں روز بھی زمینی رابطہ منقطع ہے جس کے باعث علاقے میں غذائی اجناس اور پینے کے صاف پانی کی قلت دورنہیں ہوسکی ۔