لاہور(رفیعہ ناہید اکرام)پہلی صوبائی خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر میرافیلبوس نے کہا ہے کہ سنبل کیس پر میرے پاس الفاظ نہیں ، سوال یہ ہے کہ کیوںاب تک ملزمان کوگرفتار نہیں کیاجاسکا؟ قانون کی بالادستی ہی تمام مسائل کاحل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ خواتین کوپرسکون اور محفوظ ماحول کی فراہمی اداروں کے سربراہان کی ذمہ داری ہے ، خواتین بھی کرپٹ ہوسکتی ہیںاور مخالفین پرجھوٹے الزامات بھی عائدکرسکتی ہیں ، مائیں گھروں میں لڑکیوں کو جرات مندانہ انداز میں زندگی کے چیلنجزکامقابلہ کرنے کیلئے تیارکریں۔انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع سے اب روزانہ ہمارے پاس کیسز آنے لگے ہیں، خواتین براہ راست محتسب کے دفتر میں بھی اطلاع کرسکتی ہیںہم اسے صیغہ راز میںرکھ کرکارروائی کریںگے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے معاشرے کوتشکیل دیناہوگاجہاں مردعورت سکون سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہراسمنٹ کے واقعات کوبرداشت کرنے کی بجائے انکوائری کمیٹیوںتک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی کوئی فیس یاخرچہ نہیںہے، فیصلہ بھی تین ماہ میں ہوجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کواپنے حقوق کاعلم ہوناچاہئے،ورکنگ خواتین ہراسمنٹ ا یکٹ کے حوالے سے ضرور معلومات حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں صرف اہل اور قابل خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے جو پارٹی وابستگی سے بالاتر ہوکر عوام الناس کی فلاح وبہبودکیلئے کام کاجذبہ رکھتی ہوں، خواتین کو خاندانی نشستیں بچانے کیلئے اسمبلیوںمیںبھیجنا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ خواتین کے اہل خانہ بھی انکی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے انہیںگھر میں پرسکون اور آرام دہ ماحول کی فراہم کریں۔