اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے پاکستان کو دو کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا قرضہ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور نرگس سیٹھی اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت امریکی محکمہ خارجہ کا بیورو برائے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ (آئی این ایل) حکومت پاکستان کو نفاذ قانون کی استعدادکار کو بڑھانے، منشیات کیخلاف جنگ اور فوجداری نظام انصاف میں اصلاحات کے عمل میں اعانت کیلئے 2 کروڑ ڈالر سے زائد کی یہ امداد دے گا۔اس موقع پر سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ امریکہ گزشتہ تین دہائیوں سے زیادہ کے عرصہ سے پاکستان کو مدد فراہم کر رہا ہے جسکا مقصد پاکستان میں پولیس کے محکمہ کو پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنا اور سکیورٹی کے اندرونی خطرات سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس عرصہ کے دوران حاصل کی گئی کامیابیوں پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ان کامیابیوں میں پاکستان میں پوست کی مقامی پیداوار میں نمایاں کمی اور پاکستانی پولیس کی ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کی بہتر استعداد کار شامل ہیں۔ اولسن نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکہ کا پاکستان کے ساتھ اس عزم کا غماز ہے جس کے تحت ہم ملکر اندرونی سکیورٹی چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا یہ امداد منشیات کی روک تھام، اس دھندے میں ملوث لوگوں کو گرفتار اور قانونی چارہ جوئی کرنے، پوست کے کاشتکاروں کے لئے متبادل فصل اور ان کو زرعی تربیت کی فراہمی اور فاٹا اور خیبر پی کے میں چھوٹے پیمانے پر آبپاشی کے لئے پانی اور بجلی سے چلنے والا نظام مہیا کرنے میں پاکستان کی اعانت کرےگی۔