اسلام آباد (امان اللہ خٹک/ نیشن رپورٹ) غیرملکی منشیات سمگلروں کو پاکستان میں نئی مارکیٹ مل گئی، سمگلر قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف ناول میتھڈ استعمال کر رہے ہیں اور اپنی سرگرمیوں سے انہیں ڈرگ کارٹلز کے خلاف لڑنے کیلئے نئی چیک پوسٹیں بنانے پر مجبور کر رہے ہیں۔ نیشن رپورٹ کے مطابق ملک میں کوکین کیمیکلز سمگل کرنے اور پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے بچنے کیلئے نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف اے این ایف نے گزشتہ 7ماہ میں 34غیرملکی سمگلروں کو گرفتار کیا۔ ایک عورت کو بھی گرفتار کیا گیا جو بظاہر امید سے تھی مگر بعد میں پتہ چلا کہ اس نے منشیات کی بہت بڑی مقدار مصنوعی پیٹ کے ساتھ باندھ رکھی تھی۔ سمگلروں کیلئے پاکستان ٹرانزٹ روٹ بن گیا، نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے سیکرٹری اکبر خان ہوتی نے کہا کہ پاکستان میں امراء کے نوجوان بچے بڑی تیزی سے منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔