لاہور(این این آئی) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے بھٹو شہید اور بی بی شہید کے نظریات کو زندہ رکھنے کیلئے اپنی ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے، پیپلز پارٹی کا کارکن آج بھی طاقت رکھتا ہے لیکن صرف اپنے مفادات کیلئے جان بوجھ کر اس طاقت کو نظر انداز کیا جارہا ہے، بلاول بھٹو کے پارٹی کی قیادت کرنے اور احتساب کے حوالے سے بیانات ابھی صرف میڈیا کی حد تک محدود ہیں اور کارکن ان کے عملی اقدامات کا انتظار کر رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں پیپلزپارٹی کا کارکن اپنے جذبے اور پارٹی سے نظریاتی وابستگی کی وجہ سے الگ مقام رکھتا ہے۔ کسی سیاسی جماعت میں ایسا کوئی کارکن ہے جس نے آمریت کے دور میں کوڑے کھائے ہوں ۔ میں تمام سیاسی جماعتوں سے کہنا چاہتی ہوں ان کی پارٹیاں انہی کارکنوں کی وجہ سے ہیں ۔ اگر وہ اقتدار میں آتی ہیں تو اس کے پیچھے بھی انہی کارکنوں کی قربانیاں شامل ہوتی ہیں۔