جنگ آسان نہیں بھارت ذہن نشین کرلے :خورشید شاہ: منہ توڑجواب دینگے :مراد شاہ

سکھر (آئی این پی + نوائے وقت نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جنگ اتنی آسان نہیں بھارت کو ذہن نشین کرلینا چاہیے، اگر ریاست کو چیلنج ہوا تو حکومت،سیاستدان اور عوام ایک پلیٹ فارم پر ہوں گے۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ماضی میں صوبائی حکومت نے سکھر کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا۔ ہفتہ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کیجانب سے ماضی میں سکھر کو ترقیاتی کاموں سے محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ 2010 کے سیلاب کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ سکھر میںآکر آباد ہوئے، سکھر پاکستان کا خوبصورت شہر بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہرفرد کو چاہیے کہ وہ اپنی اپنی جگہ پر کام کریں کیونکہ ہر کام وزیراعلیٰ نہیں کرسکتا اور سرکاری افسران کو بھی قومی خدمت کاجذبہ پیدا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ اگر پاکستان کو چیلنج ہوا تو حکومت، سیاستدان اور عوام ایک پلیٹ فارم پر ہیں، جنگ اتنی آسان نہیں بھارت کو ذہن نشین کر لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نہ ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کو اقوام متحدہ میں جانے سے پہلے اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔ وزیراعظم نے کشمیر پر اقوام متحدہ میں موقف اچھے طریقے سے پیش کیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا ہر سیاسی جماعت کو قانون کے دائرے میں احتجاج کا حق ہے۔ مگر کسی کو روڈ پر بیٹھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایسا ماحول پیدا ہی نہیں کریں گے۔ وہ ان کا کہنا تھا کہ ہر وزیر کو اس کے علاقے میں ترقیاتی کام کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیاسی جماعت نے اپنے آئین سے بانی کا نام نکالا۔ ایم کیو ایم نے صاف کہا ہے کہ آپ کو پوری اجازت ہے حکومتی نمائندوں سے ملاقات کریں۔ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
خورشید شاہ

ای پیپر دی نیشن