وہاڑی: بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام بے حال، شیخوپورہ میں گیس کی بندش

Sep 25, 2016

وہاڑی/ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) وہاڑی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام کا برا حال، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ شیخوپورہ میں گیس کی بندش نے صارفین کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ تفصیل کے مطابق وہاڑی میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کا برا حال ہے اور تاجروں کے کا روبار بری طرح ٹھپ ہو چکے ہیں جس سے تاجروں کی ما لی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہونے لگا ہے جس پر عوامی و سماجی اور شہری حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مو سم میں تبدیلی آچکی ہے مگر میپکو حکام نے بجلی کی طویل غیراعلا نیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں کیا جس پر عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ نے بھی عوام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں رات 10بجے سے صبح ساڑھے8بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کر دیا ہے۔ گیس کی لوڈشیڈنگ سے لوگ صبح ناشتہ سے محروم رہے اکثر لوگ اور سکولوں کے طالبعلم بغیر ناشتہ کے گھروں سے گئے جبکہ ہوٹلوں پر بھی صبح اور رات کے وقت عوام کی لمبی لائنیں لگی ہے۔ شہریوں نے وزیراعظم سے اپیل کی ہے کہ شیخوپورہ میں غیر قانونی طریقہ سے گیس لوڈشیڈنگ کرنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزیدخبریں