وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام شکست خوردہ تھکے ہارے لوگوں کو شکست دیں کیونکہ تھکے ہارے اور شکست خوردہ ذہن ملک کی خوشحالی نہیں چاہتے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ دھرنوں اورجلسوں سے ترقی کا سفرنہیں رکے گا، عوام شکست خوردہ تھکے ہارے لوگوں کوشکست دیں کیونکہ تھکے ہارے شکست خوردہ ذہن ملک کی خوشحالی نہیں چاہتے ہیں جب کہ شکست خوردہ عناصرکااصل ہدف آئندہ الیکشن نہیں سی پیک ہے۔سی پیک منصوبے ترقی کے مینار ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین نے ساہیوال کول پاورپلانٹ آٹھ ماہ پہلے مکمل کرنے کایقین دلایا ہے۔ ہرفورم پرمیٹروٹرین کے منصوبے کاجواز ثابت کرسکتے ہیں۔ میٹروٹرین کے حوالے سے عدالت عظمیٰ میں پوراکیس پیش کریں گے جب کہ اب کسی بھی منصوبے میں درخت کاٹا نہیں جائے گا کیونکہ درخت ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے والی مشین منگوالی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارٹری پلانٹرنے کام شروع کردیا ہے اوردرخت کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کامیابی سے کی گئی جبکہ پورے پنجاب میں اس طرح کی مشینیں منگوائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کےلئے تمام کام کررہے ہیں جبکہ صوبے میں ترقی کوسبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن جب تک جان ہے غریب عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا اپنے خون سے لکھ کر دینے کو تیار ہوں اورنج ٹرین منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ ہم پر گھٹیا الزامات لگائے گئے۔