گورنر سندھ کا پی ٹی آئی کی دعوت پر شانتی نگر کا دورہ

Sep 25, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ نے پی ٹی آئی کی دعوت پر شانتی نگر کادورہ کیا اور کہاکہ عوامی نمائندے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکرعوام کی خدمت کریں۔ انہیں اس دورے کی دعوت پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے یونین کمیٹی 23 گلشن اقبال کے چیئرمین غلام اکبر موریجو نے دی تھی۔ اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ پہلے غریب نواز فٹبال گرائونڈ گئے اور اس کا معائنہ کیا۔ گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ کراچی کی چیمپئن ٹیم غریب نواز فٹبال کلب اس میں اپنے میچز کھیلتی ہے۔ گورنر سندھ نے بعد ازاں مانک گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کا دورہ کیا اور اساتذہ سے ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے 1849 میں شانتی نگر میں قائم کی جانے والی چار مینار مسجد کا دورہ بھی کیا جس کا افتتاح پاکستان کے دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین نے کیا تھا ۔ انہوں نے شانتی نگر میں صحت و صفائی کی مجموعی صورتحال کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس میں بہتری کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ گورنر سندھ نے سندھی پاڑہ میں شاہ لطیف گرامر اسکول میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شانتی نگر میں فراہمی و نکاسی آب کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
گورنر سندھ

مزیدخبریں