لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم سیری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں حصہ لینے کے لیے امارات پہنچ گئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی گذشتہ روز تقریب رونمائی قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ جس میں چیف سلیکٹر انضمام الحق، چیئرمین کیو موبائل ذیشان اختر، ڈائریکٹر برائیٹو پینٹ زین سکا، چیف منیجر مارکیٹنگ جوبلی انشورنس سید عثمان قیصر، جنید جمشید برانڈ کی جانب سے نعیم بٹ، جنرل منجیر سیلز پاور موٹر سائیکل محمد عمران خان، گروپ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کیو موبائل ذیشان قریشی اور ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی امجد بھٹی بھی موجود تھے۔ چیف سلیکٹر پی سی بی انضمام الحق کا کہنا تھا کہ آٹھ سال بعد کرکٹ کے دورازے کھلنے لگے ہیں، مشکل حالات میں سپانسرز نے پاکستان کرکٹ کا ساتھ دیا جس پر انکے مشکور ہیں۔ اسی طرح سپانسر کا ساتھ رہا تو پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے مزید دروازے کھلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو بھی اس بات کا کریڈٹ دینا چاہوں گا جنہوں نے کرکٹ کی واپسی کے لیے بہت زیادہ کام کیا۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کے بعد سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کھیلنے کے لیے آ رہی ہیں جس کے لیے پوری پاکستانی قوم کے ساتھ
ساتھ سپانسر کی سپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ کی واپسی میں سپانسرز کا کردار کلیدی ہے۔ مستقبل میں جب پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہونے لگے گا تو پورا پاکستان غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے ہوم گراونڈ پر دیکھ سکے گا۔ اس موقع پر نعیم بٹ کا کہنا تھا کہ جنید جمشید برانڈ نے پاکستان کرکٹ کو سپانسر کرنا شروع کیا ہے تاکہ کھیل کی خدمت کی جا سکے۔ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے علاوہ ٹی ٹونٹی سیریز کو سپانسر کر رہے ہیں جبکہ ون ڈے سیریز میں کو سپانسر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کی پروموشن کے لیے سپانسرز اداروں کا بڑا کردار ہے جس میں ہمارا ادارہ بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ذیشان اختر کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی ٹائٹل سپانسر شپ کر رہے ہیں۔ ہمارا ادارہ قومی اور بین الاقوامی دونوں سطحوں پر کھیل کی پروموشن کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ زین سکہ کا کہنا تھا کہ ایجوکیشن، ہاکی، فٹبال کے ساتھ ساتھ کرکٹ کی پرموشن کے لیے بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سید عثمان قیصر اور محمد عمران خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔