شیخوپورہ ، جوئیانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار)ہائوسنگ کالونی کے قریب اعلیٰ الصبح مال بردار ٹرین پھاٹک میں پھنسے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی ٹریکٹر ٹرالی پر بیٹھے مزدوروں نے چھلانگیں لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔ حادثہ کے نتیجہ میں ریلوے ٹریک اورپٹڑی کوجزوی نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ٹریکٹر ٹرالی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ لاہور جڑانوالہ، لاہور فیصل آباد، لاہور سرگودھا سیکشن کی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ ٹریکٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیاریلوے کی امدادی ٹیموں نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے ٹریک کو بحال کردیا بتایا گیا ہے کہ 503 سپر پارس مال بردار گاڑی لاہور سے کراچی جارہی تھی کہ علی الصبح ہائوسنگ کالونی کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور نے جلد بازی میں ریلوے ٹریک سے ٹریکٹر ٹرالی گزارنے کی کوشش کی جس سے ٹائر سلپ ہونے سے ٹریکٹر ٹرالی ٹریک کے درمیان پھنس گئی اس دوران مال بردار ٹرین تیز رفتاری کے باعث ٹریکٹر ٹرالی ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں انجن اور ٹریک کو جزوی جبکہ ٹریکٹر ٹرالی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔