سری نگر (ایجنسیاں) بھارتی سیکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کی تحصیل اڑی میں سرچ آپریشن کے دوران مزید3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے اڑی کے گاؤں کلگی کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی۔ اس دوران بھارتی فوج نے دعوی کیا کہ ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں انہوں نے جوابی فائرنگ کی اور 3 افراد مارے گئے۔بھارتی فوج کا دعوی ہے تینوں افراد غیر ملکی ہیں جو اس علاقے میں موجود تھے فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 5 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ دو گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ قابض فورسز نے لوگوں کو مجاہد قرار دے کر شہید کرنے والا’’آپریشن آل آؤٹ‘‘ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔بھارتی فوج کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھارتی فورسز کو کلغی جنگل کے علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر بی ایس ایف،پولیس ،پیرا ملٹری فورسز اور اسپیشل کمانڈوز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا ۔ تو انھوں نے فائر کھول دیا۔ ادھر سوپور میں بھارتی فوج کے کیمپ کے قریب دستی بم کے حملے میں اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ دریں اثناء وادی میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس پی وید نے بندوق ،گرنیڈ اور منشیات سے پاک کشمیر کا نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن آل آؤٹ سے بے مثال کامیابیاں حاصل ہوئیں اور یہ آپریشن جنگجوئیت اور تشدد کے خاتمے تک جاری رہے گا ۔ ادھر بڈگام کے ایک گاؤں کے جواں سال تاجر ہماچل پردیش میں کرایہ کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ ہماچل پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان نے ممکنہ طور خود کشی کی ہے۔ ادھر قصبہ ترال میں جمعرات کو2 عام شہریوں کی شہادت اور دیگر 30کے زخمی ہونے کے خلاف ہفتہ کو مسلسل تیسرے دن بھی مکمل ہڑتال رہی۔ادھر کے پی آئی کے مطابق کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ایک اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کے عمل سے کبھی فرار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ ہمارے پاس وہ ٹیلنٹ موجود ہے جو کسی بھی سطح پر کہیں بھی قومی وقار کا تحفظ رکھتے ہوئے مذاکرات کے عمل میں شریک ہوسکتا ہے، تاہم ہمارا یہ ماننا ہے کہ سہ فریقی مذاکرات ہی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ میرواعظ عمرفاروق نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتے کہا کہ تنازعہ کشمیر کاپرامن اور فوری حل ہونا چاہئے۔ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ عالمی فورمز پر اٹھایا اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اسکے حل پر زور دیا ہے۔ کشمیری اپنی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔میر واعظ نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں رکن ممالک کی طرف سے حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرنے پر تنظیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ فوجیوں کی فائرنگ سے ایک خاتون سکینہ بیگم سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسی علاقے میں یک جھڑپ کے دوران حوالدار چندر ا بان زخمی ہو گیا۔آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک ریلی کے شرکاء کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا پیغام سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز زیر حراست قتل، جبری گمشدگیوںاور خواتین کی آبرو ریزی کو مقبوضہ کشمیر میں ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ نام جمہوری ملک بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو عمر و جنس کا لحاظ کیے بغیر جیلوں او ر تھانوں میں بند کیا جاتا ہے ۔سینکڑوں کشمیریوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی مندوب کے خطاب کے موقع پر نکالی۔ شرکاء نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی مداخلت کے مطالبے کے حق میں نعرے بلند کئے اورہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ریلی سے دیگر لوگوں کے علاوہ ڈاکٹر غلام نبی فائی، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور اشتیاق حمید نے خطاب کیا۔ دریں اثناء کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینو فیکچررز فیڈریشن کے صدر محمد یاسین خان کو بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے نئی دہلی طلب کرنے کے خلاف تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے کل مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی فوج نے اڑی کا محاصرہ کرلیاگھر تلاشی 3 نواجوان شہید گرنیڈ حملے میں 2 اہلکار سمیت 5 زخمی
Sep 25, 2017