نوجوان طبقے کو کھیلوں کی یکساں سہولیات فراہم کرینگے: ملک محمد احمد خان

Sep 25, 2017

لاہور(خبر نگار)حکومت پنجاب کے ترجمان ملک محمداحمد خاں نے کہا ہے کہ کھیلیں اور تفریح کے مواقع نوجوان نسل کی شخصیت کی متوازن نشونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نوجوان طبقے کو کھیلوں کی سہولیات تک یکساں رسائی یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لےے حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ میں ضلعی سطح پر سپورٹس کمپلیکس قائم کر رہی ہے۔یہ بات اُنہوں نے جمخانہ کلب کے ممبران کے بچوں کے لےے باغ جناح لاہور میں لگائے گئے سمر کرکٹ کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ کھیلیں اور کھیلوں کے میدان بچوں میں سپورٹس مین سپرٹ کے جذبات اجاگر کرتے ہیں اور انہیںزندگی کی دوڑ میں آگے بڑھنے پر اکساتے ہیں۔ اس طرح معاشرے میں صحت مندی اور سماجی اوصاف پروان چڑھتے ہیں۔ اس بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی پر نوجوانوں کو کھیلوں کے بھر پور مواقع مہیا کرنے کے لےے پنجاب بھر میں جدید سپورٹس کمپلیکسز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس طرح تمام نوجوانوں کی کھیلوں کی سرگرمیوں تک بلا امتیاز رسائی ممکن ہوگی اور ہمارے نوجوان کھیلوں کے میدانوں میں مقابلے اور مسابقت کے اوصاف سے لیس ہو کر زندگی کے چینلجز کا باخوبی مقابلہ کر سکیں گے۔اس تقریب میں عبداللہ سنبل کمشنر لاہور، ایڈیشنل کمشنر راﺅ امتیاز، اے سی سٹی خرم نیازی اور جم خانہ کے سینئر ممبرز نے شرکت کی۔

مزیدخبریں